الوقت - عراق کے صوبہ نینوا کی آزادی کے لئے جاری فوجی آپریشن کے کمانڈر کے مطابق، پیر کو موصل میں داعش کے کم از کم 200 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
کمانڈر جنرل عبد امیر رشید ياراللہ کا کہنا ہے کہ موصل میں جاری جنگ میں کئی محاذوں پر پیش رفت کرتے ہوئے عراقی فوجیوں نے داعش کے 200 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور کئی کار بموں سمیت تکفیری دہشت گرد گروہ کے دسیوں ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے ۔
اسی طرح عراقی فوجیوں نے موصل کے کئی اہم علاقوں کو داعش کے چنگل سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی فوج مشرقی موصل کے وسیع علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا چکی ہے اور اب وہ مغربی علاقے کی جانب پیشرفت کر رہی ہے۔
اس سے پہلے 8 جنوری کو جنرل یار اللہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ فوج نے موصل کے مزید علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے جس کے دوران کم سے کم 277 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ موصل شہر کی آزادی کی مہم 17 اکتوبر سے وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم سے شروع ہوئی ہے جس میں اب تک فوج کو بہت کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔