الوقت - بحرین کے عوام نے اس ملک کے شیعہ ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں بحرینی عوام نے بدھ کی رات ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرہ کر کے آل خلیفہ حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور ایک بار پھر شیخ عیسی قاسم کی حمایت کا اعلان کیا۔
یہ مظاہرے دارالحکومت منامہ کے الدراز سمیت مختلف علاقوں میں ہوئے جہاں شیخ عیسی قاسم کا گھر واقع ہے۔
مظاہرین نے زور دے کر کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنے دینی رہنما کو آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں گرفتار نہیں ہونے دیں گے۔
شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ہوئے مظاہرین نے کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کو شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لینا اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ بحرینی فوج اور سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے دارالحکومت منامہ کے الدراز علاقے کو اپنے میں لے لیا تاکہ اس طرح سے وہ الفداء اسکوائر پر واقع آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے مہینوں سے جاری دھرنے کو ختم کرا سکیں۔
بحرینی حکومت نے ملک میں جاری مظاہروں کو کچلنے کے لئے شیخ عیسی قاسم پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مدد کا الزام لگایا ہے۔
بحرینی حکومت نے 20 جون 2016 کو شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی ۔ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے محاصرے کو 200 دن ہو چکے ہیں۔