الوقت - سعودی عرب میں درجنوں غیر ملکی مزدوروں کو تنخواہیں نہ ملنے پر مظاہرے کرنے کی وجہ سے جیل اور کوڑوں کی سزا دی گئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب کی تعمیراتی کمپنی بن لادن گروپ کے ان غیر ملکی مزدوروں نے جنہیں کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی تھیں مظاہرہ کیا تھا۔ ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ جن 49 مزدوروں کو سزائیں دی گئی ہیں وہ کس ملک کے شہری ہیں۔
سعودی عرب کے الوطن اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سزا پانے والے مزدوروں کی صحیح تعداد نہیں معلوم ہے لیکن انہیں املاک کو نقصان پہنچانے اور بدامنی پھیلانے کے الزام میں چار ماہ کی جیل اور 300 کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے اور کچھ مزدوروں کو 45 دن قید کی سزا دی گئی ہے۔
عرب نیوز نے گزشتہ سال مئی میں رپورٹ دی تھی کہ تنخواہ نہ ملنے سے پریشان مزدوروں نے مکے میں بن لادن گروپ کی کئی بسوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔ تعمیراتی کمپنی 80 سال سے زیادہ عرصہ قبل القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کے والد نے بنائی تھی۔ بن لادن گروپ نے گزشتہ سال کے آخر میں کہا تھا کہ نوکری سے نکالے جانے والے 70 ہزار مزدوروں کی تنخواہیں ادا کر دی گئی ہیں۔
تیل کی قیمتوں میں کمی اور یمن اور شام کے بحرانوں میں بری طرح پھنس جانے کی وجہ سے سعودی عرب کی معیشت زمین بوس ہوگئی ہے اور ملک میں اس کے اثرات واضح طور پر دکھائی دینے لگے ہیں ۔