الوقت - افغانستان میں شیعہ برادری نے دہشت گرد گروہوں کے حملوں میں اضافے کے خلاف مظاہرہ کیا۔
منگل کو ہرات شہر میں تقریبا دو ہزار مظاہرین جمع ہوئے اور انہوں نے افغانستان کے دشمن مردہ باد اور داعش مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
افغان حکومت بھی خبردار کر چکی ہے کہ ملک کے 11 صوبوں میں دہشت گرد گروہ داعش اپنی سرگرمیاں تیز کر رہا ہے۔
مظاہرین نے ہرات میں گورنر ہاؤس کی جانب مارچ کیا اور ان کے ہاتھ میں داعش کے حملوں میں مارے گئے شیعہ مسلمانوں کی تصاویر تھیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہماری مساجد اور امام بارگاہوں پر داعش کے حملوں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
40 سالہ قربان علی کا کہنا تھا کہ داعش شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے یہ خطرناک عمل ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری حفاظت کرے۔
چند ماہ پہلے تک داعش کو مشرقی صوبے ننگرہار تک محدود سمجھا جاتا تھا لیکن تازہ رپورٹوں میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے ملک کے 11 صوبوں میں سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔