الوقت - یمن کی فوج نے جنوبی سعودی عرب کے نجران علاقے میں سعودی عرب کے ایک اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔
جمعرات کو ہی یمنی فوجیوں نے نجران میں سعودی فوج کے ایک ٹینک کو بھی تباہ کر دیا، جس کی وجہ سے اس میں سوار تمام 5 فوجی ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر یمنی فورس کے ٹھکانوں پر حملے کر رہا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے سعودی عرب کے صوبہ نجران کے کچھ اہم علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے جس کے بعد ان کی پیشرفت کا سلسلہ جاری ہے۔
اس درمیان، یمنی فوجی افسر عبداللہ راشد البرزی نے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے ورغلانے پر یمن پر سعودی عرب کا حملہ ایک تاریخی غلطی تھی۔
البرزي کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ 20 ماہ سے جاری شدید حملوں کے باوجود، وہ اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کر سکا ہے اور اسے صرف شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
سعودی عرب مارچ 2015 سے یمن پر حملے کر رہا ہے۔ ان حملوں میں اب تک دس ہزار سے زائد یمنی ہلاک ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب یمن میں اپنی مرضی کی حکومت مسلط کرنا چاہتا ہے جبکہ یمنی عوام سعودی عرب کی یہ من مانی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔