الوقت - امریکی کانگریس کے ایک رکن نے کہا ہے کہ زیادہ جوہری ہتھیار بنانے سے متعلق نو منتخب صدر کا بیان سب کے لئے خطرہ ہے۔
اسپوتنک نیوز ایجنسی کے مطابق ایلیٹ اینجل نے جو امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن ہیں، کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کی زیادہ تیاری اور جوہری صلاحیت میں توسیع سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان نے سب کے لئے خطرے کی سطح بڑھا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ نے دکھایا ہے کہ ایٹمی ذخائر کو بڑھانے کی کسی بھی ملک کی کوشش، امن کو نقصان پہنچاتی ہے اور ہتھیاروں کی مقابلہ آرائی کا سبب بنتی ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر کہا تھا کہ امریکا کو اپنی جوہری توانائی میں اضافہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے جمعے کو بھی کہا تھا کہ ان کا ملک، ہتھیاروں کی مقابلہ آرائی میں فاتح ہوگا۔