الوقت - عراق کے صوبہ نینوا کی آزادی کی مہم کامیابی کے ساتھ بدستور جاری ہے اور فوجی آپریشن میں 174 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ نینوا کی آزادی کی مہم کے کمانڈر نے جمعے کو بتایا کہ داعش کے 174 دہشت گردوں نے صوبے میں سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے وقت رہتے ہی سیکورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ اس کاروائی میں داعش کی 13 گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
نینوا صوبے کی مہم کے کمانڈر عبد الامیر یار اللہ نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی فیڈرل پولیس کے اہلکار گھروں، سڑکوں، عمارتوں اور عمومی مقامات پر لگے بموں کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ابھی پاکسازی میں مصروف تھے کہ العریج اور العذبہ گاؤں پر دہشت گردوں نے بھاری نفری کے ساتھ حملہ کر دیا۔ اس کاروائی میں فوج نے داعش کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کی دو گاڑیوں کو منہدم کر دیا۔
عبد الامیر یار اللہ نے بتایا کہ اسی طرح کا حملہ دہشت کردوں نے الانتصار اور السالم میں بھی کیا جس کے دوران 27 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ داعش نے اسی طرح التامیم، النور اور البکر پر حملہ کیا لیکن سیکورٹی اہلکاروں نے ان کا حملہ پسپا کر دیا۔ فوج نے اس کاروائی میں دہشت گردوں کی 5 کار بمبوں کو ناکارہ بنا دیا۔ فوج کی اس کاروائی میں 100 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔