الوقت - برطانیہ کے وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے خلاف ان کے ماضی کے بیانات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس کے عرب ممالک کی سیکورٹی، برطانیہ کی سیکورٹی ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن نے جمعے کو سعودی عرب کے دورے کے دوران کہا کہ برطانیہ خلیج فارس میں واپس لوٹے گا اور اس سلسلے میں اپنی سیکورٹی کی کاربندیوں کو مضبوط کرے گا۔
منامہ میں علاقائی سیکورٹی کے بارے میں ہونے والی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ برطانیہ سوئز نہر کے مشرق میں واپس لوٹے گا اور اپنی قدیمی دوستی کو مضبوط کرے گا۔
بورس جانسن نے اس کانفرنس میں جسے بین الاقوامی اسٹرٹیجک تحقیقاتی مرکز نے منعقد کیا تھا، کہا کہ 200 سال پہلے برطانیہ آپ کی تاریخ کا حصہ تھا اور آئندہ صدیوں میں بھی آپ کے ساتھ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 20 ماہ کے دوران ہم خلیج فارس میں اپنے فوجی وعدوں کے تناظر میں 3 ارب پاونڈ خرچ کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے انہوں نے سعودی عرب پر پراکسی وار کے آغاز کا الزام لگایا تھا اور اس بار انہوں نے یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے یمنی قوم کے رنج و الم پر تشویش بھی ظاہر کی۔
برطانوی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسی صورت میں سامنے آیا ہے کہ گارڈین نے بدھ کو بورس جانسن کا ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں وہ تقریر کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مشرق وسطی میں سعودی عرب نیابتی جنگ (پراکسی وار) میں مصروف ہے۔