الوقت - عراق کی سیکورٹی فورسز نے بغداد میں دہشت گردانہ حملے کے منصوبے کے ناکام ہونے کی اطلاع دی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، عراق کی خفیہ سروس نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش نے سرکار سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں شامل زائرین کے درمیان دھماکہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔
عراقی فوج نے اس کارروائی میں تیس بموں سمیت بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کئے ہیں۔ گزشتہ سنیچر کو بھی کربلائے معلی سے واپسی کے وقت زائرین کے راستے میں دھماکہ ہوا تھا جس میں متعدد زائرین زخمی ہوئے تھے۔
عراق سے ایک اور خبر یہ ہے کہ عراقی فوج نے صوبہ نینوا کے مرکز موصل کے دیگر دوسرے علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی فوج نے مشرقی موصل میں دہی علاقوں السلامہ اور الزراعہ اور شمال میں اورطا خراب گاؤں کو داعش کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔
واضح رہے کہ موصل شہر کی آزادی کی مہم 17 اکتوبر 2016 سے وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم سے شروع ہوئی جس میں 4 ہزار کرد پيشمرگہ کے جوان اور 30 ہزار عراقی فوجی شامل ہیں۔