الوقت - عراق کو داعش کے دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کی کارروائی کے درمیان عراقی فورسز کی کئی محاذوں پر تازہ کارروائی میں، تقریبا 240 تکفیری دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
عراقی سیکورٹی ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ صوبہ الانبار کے مرکز الرمادی کے مغربی علاقے میں عراقی جنگی طیاروں کے حملوں میں داعش کے متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
اس ہوائی حملے میں کلرمادی کے راوح ضلع میں واقع فرقان دہشت گرد اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ عراقی فضائیہ نے فوج کی خفیہ یونٹ سے ملی اطلاعات کے بعد یہ کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران فوج نے اس اڈے سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کئے جسے دہشت گرد کار بم سمیت دوسری تخریبی کاروائیوں کے لئے استعمال کرتے تھے۔
اس کارروائی میں داعش کے 50 دہشت گرد مارے گئے جس میں ایک سرغنہ اسامه العنزی ابو سلمان بھی شامل ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، عراقی جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبہ الانبار کے عنه، قائم اور شرقاط علاقوں پر بھی فضائی کارروائی کی جس میں 140 تکفیری دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
در ایں اثنا عراقی رضاکار فورس نے موصل کے مغرب میں واقع تلعفر ایئر پورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ اس دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کی 4 گاڑیاں تباہ ہوئیں ۔
اس درمیان عراق صوبہ نینوا کی آزادی کی مہم کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل عبد الامیر ياراللہ نے کہا کہ موصل کے 100 کلومیٹر جنوب میں شرقاط علاقے میں داعش کے 40 دہشت گرد مارے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی فورس کی نویں ڈویژن نے دریائے دجلہ کے مغربی کنارے کی جانب پیشرفت کرتے ہوئے کئی علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا۔