الوقت - فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر يورپی یونین نے مہاجرین اور دہشت گردی کے سلسلے میں رکن ممالک کے عوام کی تشویش دور نہ کی تو يوروپی یونین کا شیرازہ بکھر جائے گا۔
فرانس کے وزیر اعظم مینوئل والس نے جمعرات کو برلن میں ایک اجلاس میں کہا کہ اگر جرمنی اور فرانس نے مہاجرین اور دہشت گردی کے بارے میں اپنے عوام کی تشویش دور نہ کی تو يورپی یونین ٹوٹ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیرس اور برلن کو چاہئے کہ وہ مدد کریں تاکہ یورپی یونین پناہ گزینوں کے بحران، رکن ممالک کے درمیان اتحاد نہ ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات، برطانیہ کے اس یونین سے نکلنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل اور دہشت گردی کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔
فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فرانس اور جرمنی کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ يورپی یونین کا شیرازہ بکھرنے سے بچائیں۔ مینوئل والس نے برطانیہ کی یورپی یونین سے نکلنے کے بعد بھی اس یونین کے مشترکہ بازار تک رسائی برقرار رکھنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ يورپی یونین سے لندن کے نکل جانے کے بعد بھی اگر اس کو مشترکہ بازار میں باقی رہنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کی اجازت دی گئی تو یونین کے دوسرے ممالک بھی ایسا کرنے کے بارے میں فکر کر سکتے ہیں۔