الوقت - یمن کی فوج کے ترجمان نے ایران کی جانب سے یمن میں ہتھیار ارسال کرنے کے سعودی عرب کے دعوے کی تردید کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی فوج کے ترجمان شرف غالب لقمان نے ہفتے کو کہا کہ یمن میں ایران کی جانب سے ہتھیار بھیجنے پر مبنی سعودی عرب کا دعوی، یمن پر اپنے حملے جاری رکھنے اور اس سلسلے میں اپنے بے بنیاد دعووں کی تکرار ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ یمن کی فوج کے پاس میزائل کے بڑے ذخیرے ہیں اور اس کے پاس سعودی عرب کے حملوں کا مقابلہ کرنے کی توانائی پائی جاتی ہے۔
یمن کی فوج کے ترجمان نے زور دیا کہ یمن میں شکست کی وجہ سے اپنے مقاصد کے حصول میں سعودی عرب کی ناکامی نے ریاض کے حکام کو اس بات پر مجبور کر دیا کہ وہ یمن میں سعودی عرب کے جرائم سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کے لئے اس قسم کے بے بنیاد دعوے پیش کرے۔
یمن میں ایران کی جانب سے ہتھیار بھیجنے کا دعوی اس سے پہلے ہی امریکی وزارت جنگ کے حکام کی جانب سے پیش کیا جا چکا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن میں ایران کی جانب سے ہتھیاروں کی سپلائی کے بارے میں امریکی حکام کے دعوے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دعوی ایسی حالت میں پیش کیا گیا ہے کہ یمن میں امریکی ہتھیاروں اور ہوائی جہازوں سے عوام کا قتل اور اس ملک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا تھا کہ یمن میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کے بعد سعودی عرب کے لئے ہتھیاروں کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے۔