الوقت - مشرقی سعودی عرب کے دمام شہر میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ میں 2 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
العربيہ ٹی وی چینل کے مطابق، اس فائرنگ میں 3 نامعلوم حملہ آور ملوث تھے۔ یہ واقعہ دمام کے الضباب علاقے میں اس وقت پیش آیا جب یہ سیکورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹی ختم کرکے واپس لوٹ رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق، حملہ آوروں نے اس وقت فائرنگ کی جب دونوں سیکورٹی اہلکار پرائیویٹ گاڑی میں سوار تھے۔
سعودی عرب کے دمام شہر کو سعودی عرب کے اہم شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ شہر خلیج فارس کے ساحل پر واقع ہے۔ دنیا کے تیل سے مالا مال علاقوں میں یہ شہر بھی شامل ہے۔ اس شہر کے مرکز میں بہت سے اہم دفاتر واقع ہیں۔
واضح رہے اس سے پہلے ستمبر کے مہینے میں بھی دمام میں 2 پولیس اہلکار فائرنگ میں ہلاک ہو گئے تھے۔
اس سال جولائی میں سعودی عرب کے قطيف اور مدینہ منورہ شہروں میں مساجد کے قریب خود کش دھماکے ہوئے تھے جن میں 4 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔