الوقت - افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع امریکی فوجی چھاؤنی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ میں دو امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں موجود نیٹو حکام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابل میں ہونے والے مسلح افراد کے حملے میں ایک امریکی فوجی اور ایک شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ حملے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ادھر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ فوج کی ہتھیار سپلائی کے قریب ہوا، یہ فوجی چھاؤنی افغان كمانڈوز کو ٹریننگ دینے کے لئے استعمال ہوتی ہے۔
اس سے پہلے افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزيری نے واقعہ کو اندرونی حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی یونیفارم میں ایک حملہ آور نے فائرنگ کرکے نیٹو سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کر دیا۔