الوقت - افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں افغان فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں آٹھ فوجی ہلاک ہو گئے۔
افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزيری نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں عملے کے پانچ اہلکار اور تین فوجی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر، فوجی اڈے کے لئے رسد لے کر جا رہا تھا کہ ڈنڈ غوری کے مقام پر گر کر تباہ ہو گیا۔ انہوں نے دہشت گردوں کی جانب سے ہیلی کاپٹر کو مار گرائے جانے کے دعوے کو مسترد کرتے کہا کہ تکنیکی خرابی، حادثے کا سبب بنی۔
دولت وزيری نے بتایا کہ ایک ہیلی کاپٹر زمین پر تھا اور دوسرا فضا میں تھا کہ اچانک اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی، اس میں آگ لگ گئی اور وہ زمین پر گر پڑا۔ اس درمیان طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر طالبان جنگجوؤں نے گرایا ہے اور وہ اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔
ادھر صوبہ ہلمند میں طالبان کے ٹھکانوں پر افغان افواج کے زمینی اور فضائی حملوں میں اس گروہ کے دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبہ ہلمند کے ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ناد علی اور نہرسراج علاقوں پر افغان فوج کے حملوں میں طالبان گروہ کے 86 ارکان ہلاک ہو گئے۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں طالبان کے تین کمانڈر بھی شامل ہیں۔