الوقت - ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بحران شام کے حل کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔
بہرام قاسمی نے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جس میں انہوں نے بحران شام کے حل کے لئے غیر سفارتی آپشن اختیار کرنے کا امکان ظاہر کیا تھا، کہا کہ شام میں گزشتہ چھ سال کے دوران معصوم لوگوں کے قتل عام، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور لوگوں کے بے گھر ہونے سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ تشدد، خونریزی اور دہشت گردی کو فروغ دینے سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے بحران کے تمام فریقوں بالخصوص بیرونی ممالک کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شام کے بحران کے حل کے لئے اپنی سیاسی کوششوں کو ترجیح دیں اور اس میں بھی شامی شہریوں کے درمیان مذاکرات کو سرفہرست رکھیں۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ بلا شبہ تمام ممالک کو یہ سمجھ میں آ گیا ہے کہ بحران شام کا واحد حل مذاکرات ہے۔