الوقت - روس نے امریکا کو شام کی فوج پر کسی بھی طرح کے حملے کے تئیں خبردار کیا ہے۔
رشيا ٹوڈے کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ شام کے فوجیوں کے زیر کنٹرول کسی بھی علاقے پر حملے کو روسی فوجیوں کو دی گئی دھمکی کے طور پر دیکھا جائے گا۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور كوناشکوف نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ شام کی فوج کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی سے پہلے امریکا کو مناسب طریقے سے غور و فکر کر لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائی، روسی فوجیوں پر حملہ تصور کی جائے گی۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے شام کے طرطوس میں ایس -300 میزائل سسٹم اور حميميم چھاؤنی میں ایس -400 میزائل سسٹم کی تعیناتی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم پرواز کرنے والی کسی بھی چیز کو ہدف بنانے کی مکمل توانائی رکھتے ہیں ۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا تھا کہ شام پر فضائی حملے کے آپشن کو، امریکا نے آپشنز کی فہرست سے ابھی ہٹا نہیں ہے۔