الوقت - پاکستان کے وزیر اعظم نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے غربت کو ختم کرنے کے عزم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھیتوں میں ٹینک چلانے سے غربت ختم نہیں ہو سکتی۔
نواز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت پوری دنیا پر واضح ہو چکی ہے کہ 7 لاکھ ہندوستانی فوج کی موجودگی کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کے جذبے کو کچلا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان، کشمیریوں کو اس حق سے محروم نہیں کر سکتا جس کا وعدہ کر رکھا ہے لیکن اب اقوام متحدہ کو عالمی امن کے محافظ کے طور پر اپنی ساکھ باقی رکھنی ہوگی۔
پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ کشمیر آتش فشاں کی مانند مسلسل سلگ رہا ہے لیکن چہرے مسخ کرنے اور بینائی سے محروم کرنے سے آزادی کی تحریک کو کچلا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقوق کی حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہندوستان کو مختلف بار مذاکرات کی دعوت دی لیکن اس کو مسترد کر دیا گیا۔