الوقت - اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کے جموں کشمیر سے متعلق بیان پر کشمیری حریت پسند رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کشمیر کبھی بھی ہندوستان کا حصہ نہیں رہا ہے اور سشما سوراج کا بیان حقیقت سے بہت دور ہے۔
کشمیری میڈیا کے مطابق اے پی ایچ سی کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی مانند دیگر بین الاقوامی اداروں میں ہندوستان نے جھوٹ سے کا سہارا لیا ہے، ہندوستان جموں کشمیر کے حوالے سے تاریخی حقیقت کے حوالے سے دنیا میں غلط بیانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج کی جانب سے ہزاروں افراد کی ہلاکتیں، اربوں ڈالر کی جائیداد کی تباہی، ہزاروں بچوں کو یتیم کرنا اور عورتوں کو بیوہ کرنا دہشت گردی کے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے ماضی اور مستقبل میں کبھی بھی ہندوستان کا حصہ نہیں رہا کیونکہ یہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کا مستقبل ابھی معین ہونا باقی ہے۔
حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری چوتھی نسل، خونریزی، جبر اور ناقابل یقین سیاسی ماحول میں زندگی بسر کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے کشمیر میں گزشتہ 70 سال سے جاری انسانی سرمایہ کاری کے باوجود ہم اس کی اٹوٹ انگ کی رٹ کو قبول نہیں کرتے۔ واضح رہے کہ کشمیر میں 82 ویں دن بھی بند اور ہڑتال سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔