الوقت - بحرین کے چودہ فروری نامی اتحاد نے ملک کے ممتاز شیعہ رہنما سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عوام سے مظاہروں کی اپیل کی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، بحرین کے چودہ فروری نامی اتحاد نے جمعرات کو عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے ممتاز شیعہ مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سےیکجہتی کا اظہار کرنے اور تین اکتوبر کو ان کے خلاف ہونے والی عدالتی کارروائی کی مخالفت کرنے کے لئے عدالتی کاروائی والے دن وسیع مظاہرے کریں۔
چودہ فروری نامی اتحاد نے اسی طرح منگل کو الدراز علاقے میں شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر عوام کے وسیع دھرنا کے سو دن پورے ہونے کے موقع پر اور گزشتہ تین ماہ کے دوران الدراز کے علاقے کے عوام کو ہونے والی پریشانیوں اور آلام کی مذمت اور منامہ کے الفداء اسکوائر پر دھرنے پر بیٹھے عوام کی حمایت میں وسیع مظاہروں کی اپیل کی ہے۔
در ایں اثنا بحرین کی عدالت نے الوفاق پارٹی کی تمام سرگرمیوں پر پابندی کی تصدیق کر دی ہے۔
بحرینی حکومت نے جون 2016 کو آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کر لی تھی اور بحرینی حکومت کے اس اقدام پر بحرین اور دنیا سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔