الوقت - شام کے فوجیوں پر فضائی حملہ کرنے کے بعد امریکا نے ایک بار پھر افغان فوجیوں پر بمباری کر دی جس میں متعدد افغان پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
یہ حملہ افغانستان کے صوبے ارزگان کے مرکز ترین کوٹ میں ہوا جس میں کم سے کم آٹھ افغان پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
افغانستان کی ہائے وی پولیس کے کمانڈر رحیم اللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اتوار کی شام ارزگان - قندھار شاہراہ پر واقع پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان نے بھی افغان سیکورٹی اہلکاروں پر امریکا کے فضائی حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ میں دعوی کیا ہے کہ افغان پولیس کی چیک پوسٹ پر امریکی فضائی حملہ، صوبہ قندھار کے پولیس چیف عبدالرزاق کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں صوبہ لوگر کے ضلع برکی برک میں افغان فوج کی ایک چھاونی پر بھی امریکی فوج نے حملہ کر دیا تھا جس میں دس افغان فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔