الوقت - طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو اکثر شدید سردرد رہتا ہوں تو ممکن ہے کہ وہ کسی قسم کی بیماری میں مبتلا ہو۔
یہاں پر ہم کچھ ایسے ہی مسائل کا ذکر کر رہے ہیں جن کا اظہار سردرد سے ہوتا ہے۔
تناﺅ کے شکار
اگر آپ سردرد کے شکار ہیں تو آپ سوچیں کہ آپ کتنے تناﺅ کا شکار ہیں؟ کیا آپ اپنے تناﺅ کا سامنا کرنے کے بجائے اس سے منہ تو نہیں چھپا رہے ؟ اگر آپ نے تناﺅ پر قابو پا لیا تو آپ کا سردرد بھی رفو چکر ہو جائے گا۔
پانی کی کمی
سردرد کے وقت ہر شخص کو پانی کی مقدار کا جائزہ لینا ہے کیونکہ ڈی ہائیڈریشن سردرد کا باعث بنتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس کی ممکنہ وجہ خون کی فراہمی کی شرح میں کمی ہے۔ ایسا ہونے کی وجہ سے دماغ تک آکسیجن کم پہنچتی ہے۔
خون کی کمی
جسم میں خون کی بہت زیادہ کمی بھی سردرد کا باعث بنتی ہے، اگر تو یہ کمی آئرن کے کم استعمال کی وجہ سے ہے تو اس جز کا زیادہ استعمال مسئلے سے نجات کے لیے ضرورت ہوتا ہے۔
کسی سنگین مرض میں مبتلا
اکثر سردرد ذیابیطس، بافتوں کی سوزش اور دیگر امراض کا اثر ہوسکتا ہے، اگر آپ کو ایسی شکایت ہے تو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کرکے اس کی وجہ جاننا ضروری ہوتا ہے۔
جسمانی گھڑی میں خرابی
جب بھی صبح اٹھتے ہیں اور سر میں شدید درد ہوتا ہے تو یہ جسمانی شیڈول میں مداخلت کا نتجہ ہوتا ہے جس کا اظہار سردرد کی شکل میں ہوتا ہے۔
دماغی رسولی
دماغی رسولی جیسا جان لیوا مرض بہت کم افراد کو ہی اپنا شکار بناتا ہے ، تاہم اگر کسی کو کئی ماہ تک مسلسل سردرد ہو اور اس میں کوئی تبدیلی نہ آئے تو یہ خطرے کی گھنٹی ہوسکتی ہے۔
سردرد کی ادویات کا زیادہ استعمال
سردرد کا علاج اکثر بیک فائر بھی کرجاتا ہے، کئی بار ادویات الٹا کام کرنے لگتی ہیں، درد کش ادویات کا بہت زیادہ استعمال سردرد کو بدترین بنا دیتا ہے۔