الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں ہفتے کو ایک نوجوان کی موت ہو گئی اور اس کے ساتھ ہی وادی میں جاری بدامنی میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 71 ہو گئی۔
ادھر لال چوک اور ایئر پورٹ روڈ پر دھرنے کے علیحدگی پسندوں کے اعلان کو دیکھتے ہوئے سرینگر کے کئی علاقوں میں ہفتے کو بھی کرفیو جاری رہا۔ باقی کشمیر میں کرفیو جیسی پابندیاں لاگو رہیں، جہاں 57 دنوں سے معمولات زندگی مفلوج بنی ہوئي ہے۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ 24 سالہ باسط احمد اہنگر کو اننت ناگ کے ضلع ہسپتال لایا گیا جو جھڑپ کے دوران زخمی ہو گیا تھا۔ وہ زخموں کی تاب نہ لا سکا اور مر گیا۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ سرینگر کے اہم علاقے کے پانچ تھانوں اور شہر کے مضافات بٹمالو اور میسوما میں کرفیو جاری رہا۔' انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے دارالحکومت کے ان علاقوں میں احتیاطی اقدام کے طور پر کرفیو جاری رہا۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں کل جماعتی وفد کے وادی کے دورے کی مخالفت میں علیحدگی پسندوں نے عوام سے سنیچر اور اتوار کو ایئر پورٹ روڈ، شہر کے وسط میں واقع لال چوک اور ضلع ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کرنے کی اپیل کی تھی۔