الوقت - امریکا اور ہندوستان کے درمیان ساز و سامان سے وابستہ فوجی معاہدہ ہونے کے بعد اوباما انتظامیہ نے کہا ہے کہ چین کو ان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان جان کربی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ واضح انداز میں کہوں تو ہندوستان کے ساتھ ایک گہرے، مضبوط، مستحکم دو جانبہ تعلقات سے کسی دوسرے کو خوفزدہ ہونے یا اس بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کربی دراصل ہندوستان اور امریکا کے درمیان ہوئے سیکورٹی کے معاہدے پر چین کے رد عمل سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے۔ یہ معاہدہ ان دونوں ممالک کے فوجی ساز و سامان کی تعمیر نو اور ساز و سامان کی فراہمی کے لئے ایک دوسرے کے فوجی ٹھکانوں کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔
کربی نے کہا کہ ہم دونوں ہی جمہوری ملک ہیں۔ عالمی اسٹیج پر ہم دونوں کے ہی پاس بے نظیر مواقع ہیں اور ہمارے بے نظیر اثرات ہیں۔ امریکا اور ہندوستان کے درمیان بہتر تعلقات ہونا نہ صرف دونوں ممالک کے لئے، نہ صرف علاقے کے لئے بلکہ پوری دنیا کے لئے اچھا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور ہندوستان کے درمیان پہلے سے ہی کئی شعبوں میں شاندار شراکت ہے۔ یہ صرف سیکورٹی سے متعلق نہیں ہے۔ یہ اقتصادی، تجارتی اور اطلاعاتی اور ٹیکنالوجی شراکت کے بارے میں بھی ہے ۔