الوقت - گزشتہ 48 دنوں سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے شورش زدہ حالات کو معمول پر لانے کے لئے ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سری نگر پہنچے ہیں۔ اپنے دو روزہ دورے کے آخری دن جمعرات کو انہوں نے ریاست کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ راج ناتھ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہی کشمیر میں تمام افراد امن اور سکون چاہتے ہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل سے ہی ہندوستان کا مستقبل طے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہاں کے نوجوانوں کی فکر ہے۔
کشمیر کے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سماج دشمن عناصر کو تلاش کرنا ہے جو کشمیر کے نوجوانوں کو ورغلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تقریبا 20 وفود کے 300 لوگوں سے گفتگو ہوئی۔ تمام امن چاہتے ہیں۔ ہندوستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ کیا وہ لوگ جو کشمیر کے نوجوانوں کے ہاتھ میں پتھر دے رہے ہیں، وہ ان کا مستقبل بنا سکتے ہیں؟ وہ مستقبل نہیں بنا سکتے وہ ان کے مستقبل کو تباہ کر رہے ہیں۔ میں کشمیر کے تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ یہاں کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہ ہونے دیں۔
پریس کانفرنس کے دوران کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ 90 فیصد کشمیری عوام امن اور عزت کی زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کی توجہ اسی پر ہے جبکہ پانچ فیصد لوگ ایسے ہیں جو بدامنی پیدا کر رہے ہیں۔