الوقت - ترکی اور امریکہ کی افواج نے شام کے صوبہ حلب کے جرابلس شہر کو داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے مہم شروع کی ہے۔
ترکی کے وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرحدی شہر جرابلس میں داعش کے خلاف بدھ کی صبح چار بجے سے حملہ شروع کیا گیا۔ شہر میں داعش کے ٹھکانوں پر پہلے ترکی کے طیاروں نے بمباری کی اور پھر توپخانے سے گولہ باری کی گئی۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد سرحدی پٹی دہشت گردوں سے آزاد کرانا ہے ساتھ ہی شام کی سالمیت کی حفاظت کرنا بھی اہم مقصد ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ترکی اور امریکہ جرابلس میں یہ کارروائی فری سیرین آرمی کی مدد سے کر رہے ہیں جو دہشت گرد تنظیم ہے لیکن یہ ممالک اس کو اعتدال پسند مخالف تنظیم کا نام دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ چند دنوں کے دوران داعش نے ترک علاقوں پر حملے کئے تھے۔
ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا کہ ان کا ملک داعش کا خاتمہ کرنے کے لئے شام اور عراق کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔
ترکی کے وزیر اعظم بن علی يیلدريم نے بھی بیان دیا ہے کہ شام میں امن و سیکورٹی بحال ہونی چاہئے اور ترکی کی کوششیں اسی نقطہ پر مرکوز ہیں۔