الوقت - شام کی فوج پر کردوں کے حملوں کے بعد شامی فوج اور کرد فورس کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد دونوں فریق جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔
اتوار کو بعد از ظہر شام کی فوج اور کردستان لیبر پارٹی کے جنجگوؤں کے درمیان ملک کے مشرقی علاقے حسکہ میں جنگ بندی پر مفاہمت ہوئی۔
سانا نے رپورٹ دی ہے کہ اس سمجھوتے کی بنیاد پر جنگ بندی کا نفاذ اتوار شام پانچ بجے سے ہوگا اور زخمی افراد کو شہر سے باہر اور قامشلی کے اسپتال میں پہنچایا جائے گآ۔
اس نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ اس سمجھوتے کی بنیاد پر حسکہ کے حالات معمول پر آ جائیں گے اور پیر کو تمام مسائل کے حل کے لئے گفتگو ہوگی۔ واضح رہے کہ کردستان لیبر پارٹی کے کچھ عناصر نے فوجی مراکز پر حملے، تیل کی چوری اور امتحانات میں خلل ڈالنے جیسی کچھ کشیدگی پھیلانے والی کاروائیاں کی تھیں، جس کے بعد فوج نے بھی جوابی کاروائی کی تھی۔ شام کی فوج کے اعلی حکام کا کہنا ہے کہ اگر دوبارہ اس طرح کی کاروائی ہوئی تو اس بار فوج کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا۔