الوقت - ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان کو 'جہنم' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'پاکستان جانا جہنم میں جانے کے مترادف ہے۔
ذرائع کے مطابق ہریانہ کے علاقے ریواڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ ہندوستانی فوجیوں نے پانچ دہشت گردوں کو واپس بھیجا، پاکستان جانا اور جہنم میں جانا ایک ہی بات ہے۔ منوہر پاریکر کا اشارہ ان در اندازیوں کی طرف تھا جنہیں ایک روز قبل ہندوستانی فوج نے کنٹرول لائن پار کرنے کی کوشش کرتے وقت ہلاک کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی پالیسی کا خمیازہ آج خود ہی بھگت رہا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے حکام کے درمیان بیان بازیوں کے درمیان خبر ہے کہ ہندوستانی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا 25 اور 26 اگست 2016 کو اسلام آباد میں ہونے والے سارک وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا خدشہ ہے۔ پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ہندوستان کے وزیر خزانہ پاکستان میں ہونے والے سارک کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کی جگہ اقتصادی امور کے سکریٹری ہندوستان کی نمائندگی کریں گے لیکن ابھی حتمی فیصلہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے جس کے بعد باضابطہ طور پر اس بات کا اعلان کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اگست کے شروع میں اسلام آباد میں ہونے والے سارک کے وزرائے داخلہ کے اجلاس میں ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے شرکت کی تھی جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی بڑھ گئی تھی۔