الوقت - پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز سے درخواست کی ہے کہ وہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوج کے ہاتھوں زخمی ہونے والے ہزاروں نہتے کشمیریوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرے ۔
موصولہ خبروں کے مطابق، وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سرتاج عزیز نے یہ درخواست ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے انٹرنیشنل صدر کو باضابطہ طور پر خط لکھ کر کی۔ اس خط میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں طبی ہنگامی حالات کو واضح کیا گیا ہے۔ مذکورہ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ طبی ہنگامی صورتحال، نہتے کشمیریوں پر ہندوستانی فوج کے بیہیمانہ ظلم و جبر کی وجہ سے پیدا ہوئی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اپنے خط میں خاص طور پر آنکھوں کے سرجنز کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے پرامن مظاہرین پر چَھرے والی بندوقوں کے استعمال کی وجہ سے سیکڑوں کشمیریوں کو آنکھوں میں شدید زخم آئے ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر کے اہم ہسپتالوں کو، ہندوستانی فورسز سے جھڑپ میں زخمی ہونے والے ہزاروں زخمی کشمیریوں کے علاج میں مشکل درپیش ہے۔