الوقت - لیبیا میں امریکی ہوائی حملوں پر اعتراض کرنے کے لئے طرابلس میں امریکی سفیر کو طلب کیا گیا۔
ارنا کے مطابق، سرت شہر پر داعش سے نمٹنے کے بہانے امریکا کی جانب سے کئے گئے فضائی حملے پر اعتراض کرنے کے لئے امریکی سفیر کو طلب کیا گیا۔
لیبیا کی پارلیمنٹ کی دفاعی اور سیکورٹی کمیٹی نے امریکی سفیر کو طلب کرکے ان سے اس بات کی وضاحت طلب کی کہ کیوں امریکی فضائیہ نے لیبیا کے متعلقہ نظام کو اطلاع دیئے بغیر اس ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
اس کمیٹی نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے، امریکی فضائیہ کے حملے کی مذمت کی اور اسے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے امریکی دعوے کے برعکس قرار دیا۔
اس بیان میں اسی طرح زور دیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے موضوع پر امریکا دوہرا رویہ اپنائے ہوئے ہے اور اس موضوع پر سیاست کر رہا ہے۔
اس بیان میں اس بات کا ذکر ہے کہ امریکا نے لیبیا کی فوج اور متعلقہ قانونی ادارے کو اطلاع دیئے بغیر یہ حملہ کیا ہے۔