الوقت - امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ صدارتی عہدے کے لئے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ صدر بننے کے لائق نہیں ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ ان کی پارٹی اب تک اس ارب پتی کی حمایت کیوں کر رہی ہے؟
باراک اوباما کا کہنا تھا کہ ایک وقت آتا ہے جب آپ کہتے ہیں بہت ہو گیا۔
اوباما نے کہا کہ گزشتہ ریپبلکن امیدواروں کے مقابلے میں ٹرمپ میں دنیا کے سب سے طاقتور عہدے پر بیٹھنے کے لئے نہ تو فیصلے لینے کی صلاحیت ہے اور نہ ہی مزاج ہے۔
ٹرمپ نے اس کے جواب میں اوباما پر ناکام لیڈر ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ ان کی حریف ہیلری کلنٹن کسی بھی سرکاری محکمہ کی ذمہ داری اٹھانے کے لائق نہیں ہیں۔
باراک اوباما نے یہ بھی کہا کہ وہ کئی سابق ریپبلکن صدور اور امیدواروں کی پالیسیوں سے اتفاق نہیں رکھتے لیکن انہوں نے کبھی کسی کے بارے میں یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ بطور صدر کام نہیں کر سکتے۔
اوباما کا کہنا تھا کہ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار صدر کے عہدے کے لئے نااہل ہیں اور وہ مسلسل یہ ثابت کر رہے ہیں۔