الوقت - ترک صدر نے کہا ہے کہ انقرہ حکومت نے گولن تحریک کے سلسلے میں غلطی کی ہے۔
اسنا کے مطابق، رجب طیب اردوغان نے این ٹی وی سے اٹرويو میں، 15 جولائی کے ترکی میں فوجی بغاوت میں گولن تحریک کے ممکنہ کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گولن تحریک کے سلسلے میں بڑی غلطی کی، خدا ہمیں معاف کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس تحریک سے وابستہ لوگوں کو آزاد نہیں چھوڑنا چاہئے تھا۔
ترک صدر نے اپنے بیان میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ حالیہ فوجی بغاوت کے پیچھے بڑی طاقتوں کا ہاتھ تھا، کہا کہ گولن شطرنج کے ایک پيادے کی طرح ہیں جنہیں ایک بڑی طاقت کے تھنک ٹینک کی حمایت حاصل رہی ہے۔
یاد رہے کہ 15 جولائی 2016 کو ترک فوجیوں کے ایک گروپ نے فوجی بغاوت کی کوشش کی تھی لیکن عوام کے سڑکوں پر نکل آنے سے یہ بغاوت تقریبا چھ گھنٹے کے اندر ہی ناکام ہو گئی۔
ترکی کی حکومت، گولن کے حامیوں کو اس ناکام بغاوت کے لئے ذمہ دار قرار دے رہی ہے۔