الوقت - عیسائی مذہبی رہنما پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ اسلام کو تشدد کے ساتھ جوڑنا غلط ہے۔
فرانس پریس کے مطابق پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ تشدد کے ساتھ اسلام کو جوڑنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب میں کچھ شرارتی گروپ ہوتے ہیں۔ ہمارے یہاں بھی ہیں۔ پوپ فرانسس نے اسلام کو تشدد سے وابستہ کئے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیتھولک لوگ بھی بہت زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ جب میں اخبار پڑھتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ اٹلی میں کوئی اپنی معشوقہ کا قتل کر رہا ہے تو کوئی اپنی ساس کو قتل کر رہا ہے۔ اگر ہم اسلامی تشدد کی بات کرتے ہیں تو پھر عیسائی تشدد کی بھی بات کرنی ہوگی۔ پوپ نے کہا کہ تمام مسلمان متشدد نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں لیکن مذہب، کبھی بھی دہشت گردی کی جانب تشویق دلانے والا نہیں ہو سکتا۔ پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ دہشت گردی تبھی پنپتی ہے جب پیسہ کمانے کا کوئی اختیار نہیں بچتا۔ یہ دہشت گردی کی پہلی شکل ہے اور یہ پوری انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی اختیارات کے فقدان کی وجہ سے ہمیں دہشت گردی جیسی برائی دیکھنے کو مل رہی ہے۔