الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں تشدد کو لے کر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا نے کہا ہے کہ وہ کشمیر میں کشیدگی کم ہوتے دیکھنا چاہتا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ہم کشمیر میں تشدد کو لے کر بیشک فکر مند ہیں اور ہم وہاں پر کشیدگی کم ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
ہندوستان میں بڑھتے ہوئے عدم استحکام اور تشدد پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے امریکا نے حکومت ہند سے کہا ہے کہ شہریوں کو تحفظ دلانے اور مجرموں کو سزا دینے کے لئے وہ ہر ممکن کوشش کرے۔ امریکہ نے اسی طرح ہندوستان سے اقلیتی برادری کی حفاظت کے لئے ضروری قدم اٹھانے کے لئے بھی کہا ہے۔
جان کربی نے کہا کہ ہم نے کشمیر میں مظاہرین اور ہندوستانی فورسز کے درمیان تصادم کی رپورٹ دیکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ توقع کر سکتے ہیں کہ ہم اس تشدد کو لے کر انتہائی فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام فریقوں کو اس کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوشش کرنے کے لئے تشویق کرتے ہیں۔ کربی نے کہا کہ امریکا اس معاملے پر حکومت ہندوستان کے ساتھ قریبی رابطہ بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہاں کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب ہندوستان کی سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کشمیر کی زمینی حقیقت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک علیحدگی پسند کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے جاری بدامنی میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ وہاں پر جاری بدامنی کی وجہ سے کئی علاقوں میں کرفیو لگایا گیا۔