الوقت - ہندوستان کے وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف مختلف ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ڈھاکہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلا دیش کے وزیر داخلہ اسد الزمان خان سے نئی دہلی میں ملاقات میں علاقے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور بنگلا دیش کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا تعاون بڑھانا چاہئے۔
اس ملاقات میں بنگلا دیش کے وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان کے ساتھ تعاون کے لئے آمادگی ظاہر کی۔
بنگلا دیش کے وزیر داخلہ اسدالزمان خان نے اسی طرح اپنے ہندوستانی ہم منصب، راج ناتھ سنگھ سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ، منظم جرائم اور اسمگلنگ کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد کیے جانے کا مطالبہ کیا۔
ہندوستان اور بنگلا دیش کے درمیان تعاون کے معاہدے کے مطابق بنگلا دیش سرحدی علاقوں میں تقریبا پچاس چیک پوسٹ بنا کر اسمگلروں کی نقل و حرکت روکے گا۔