الوقت - بنگلا دیش میں سیکورٹی فورس نے ایک کلعدم گروہ کے 4 ارکان کو گرفتار کیا ہے جن پر دارالحکومت ڈھاکہ میں 1 جولائی 2016 کو ایک ریستوران پر ہوئے حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
بنگلا دیش کی ریپڈ ایکشن فورس نے جمعرات کو اس گرفتاری کا اعلان کیا۔ بنگلہ دیش کی ریپڈ ایکشن فورس کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے 4 دہشت گرد، کلعدم گروہ جماعت المجاہدین بنگلا دیش کے رکن ہیں جنہیں دارالحکومت ڈھاکہ کے شمال میں واقع ٹونگي قصبے میں ایک اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کر سیکورٹی فورسز نے گرفتار کیا۔
بنگلا دیش کی ریپڈ ایکشن فورس کے ترجمان مفتی محمود خان نے کہا کہ گرفتار ہونے والوں میں محمود الحسن بھی ہے جو جماعت المجاہدین بنگلا دیش کے جنوبی حصے کا سربراہ بھی ہے۔ وہ دہشت گردوں کا اہم ٹرینر ہے۔
محمود خان نے کہا کہ فلیٹ سے 8 بم، ایک پستول، 100 راؤنڈ سے زیادہ کی گولیاں، 8 چھرے اور بم بنانے کے مواد برآمد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
واضح رہے 1 جولائی 2016 کو بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک ریستوران پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں، غیر ملکی شہریوں سمیت 20 شہری ہلاک ہو گئے تھے ۔
مفتی محمود خان نے کہا کہ محمود الحسن کی جانب سے تربیت یافتہ دہشت گرد، گزشتہ سال ڈھاکہ میں شیعوں کے سب سے زیادہ مقدس مقام پر مہلک بم حملے اور ایک پولیس جوان کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔