الوقت - افریقی ملک مالی میں دہشت گردوں کے فوج کے کیمپ پر ہونے والے حملے میں 10 فوجی ہلاک ہوگئے۔
ایسوشیٹیڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، اس حملے میں 38 دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکلوں اور پک اپ ٹرکس پر سوار سیکڑوں دہشت گردوں نے نامپالا میں حملہ کرنے سے قبل شہر کا مکمل محاصرہ کر لیا تھا۔ مالی کی فوج کے ایک اہلکار نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا۔ مذکورہ فوجی افسر کا کہنا ہے کہ کیمپ میں موجود فوجی اہلکار اس حملے کے لئے بلکل بھی تیار نہیں تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حملے سے کچھ ہی گھنٹے بعد مالی کے پیول نامی گروہ نے گروہ کی شناخت کے تحفظ کے لئے قومی اتحاد کے قیام اور انصاف کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ پیول گروہ نے حملے کی ذمہ داری بھی قبول کرلی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حالیہ کچھ ماہ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پیول گروہ نے مالی کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اس تنظیم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کی جانب سے پیول آبادی پر قاتلانہ حملوں کے جواب میں ہم نے نامپالا میں فوج کے خلاف کارروائی کی۔
گروہ کے سکریٹری جنرل عمر الدجانہ نے ایک بیان میں دعوی کیا کہ حملے میں 8 مالی فوجی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ گروہ نے متعدد فوجی ٹرک اور ہتھیاروں پر قبضہ کر لیا۔