الوقت - انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل نے انکشاف کیا ہے کہ مصر کے سیکورٹی اداروں نے گزشتہ برس کے دوران حکومت کے ہزاروں مخالفین کو غائب کردیا ہے جب کہ ان پر حراست کے دوران تشدد بھی کیا گیا ہے۔
ایمنسٹی انٹر نیشنل کے مطابق طلبہ، سیاسی کارکن اور مظاہرین جن میں سے بعض کی عمریں 14 سال کے قریب ہیں، اچانک غائب ہوگئے جن میں سے زیادہ تر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہیں مبینہ طور پر ایک مہینے کے لئے حراست میں رکھا گیا جہاں ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور آنکھوں پر پٹیاں تھیں۔
دوسری جانب مصر کی حکومت نے اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔ وزیر داخلہ ماجدی عبد الغفار نے کہا کہ سیکورٹی ادارے مصر کے قوانین کے مطابق کارروائی کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2013 میں محمد مرسی کی معزولی کے بعد سے ایک ہزار سے زائد افراد کا قتل جبکہ 40 ہزار کو جیل میں ڈالا گیا ہے۔