الوقت - پاکستان میں امریکی کمانڈوز کے ایک مبینہ آپریشن میں اسامہ بن لادن کو قتل کردئیے جانے کے 5 سال بعد ان کے بیٹے حمزہ بن اسامہ بن لادن نے امریکہ سے اپنے باپ کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
حمزہ نے 21 منٹ کے ایک آڈیو ٹیپ میں اپنے والد کی جنگ کو جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکہ کو متنبہ کیا ہے کہ ’’ہم سب اسامہ ہیں۔‘‘یہ آڈیو ٹیپ القاعدہ کی جانب سے آن لائن جاری کیا گیا ہے۔ سائٹ انٹلیجنس گروپ کے مطابق حمزہ نے مذکورہ صوتی ٹیپ میں کہا ہے کہ ’’ہم فلسطین، افغانستان، شام، عراق، یمن، صومالیہ اور دیگر مسلم ممالک میں عوام پر جبر و استبداد کے خلاف تم کو تمہارے ہی ملک میں اور بیرون ملک نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
خبروں کے مطابق حمزہ جو اس وقت عمر کی20 ویں دہائی میں ہیں، ۲۰۱۱ء میں امریکہ پر حملے سے قبل افغانستان میں اسامہ بن لادن کے ساتھ تھے۔ حال ہی میں امریکہ کی جانب سے جاری کئے گئے دستاویزات میں دعوی کیا گیا تھا کہ القاعدہ کے جنگجو ایک بار پھر حمزہ بن اسامہ بن لادن کی قیادت میں متحد ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آڈیو ٹیپ میں ان کا تعارف ایمن الظواہری نے کرایا ہے۔