الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں كوكرناگ کے پاس عسکریت پسند گروہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کے مارے جانے کے بعد سری نگر اور پلوامہ میں کشیدگی پھیل گی ہے اور جنوبی کشمیر، پلوامہ سمیت سری نگر کے کئی علاقوں میں انتظامیہ کو کرفیو نافذ کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے پیش نظر امرناتھ یاترا روک دی گئی ہے اور ہفتے کو ہونے والے بورڈ امتحان کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ٹرینیں اور موبائل انٹرنیٹ خدمات بھی بند کر دی گئی ہیں تاکہ کسی طرح کی کوئی افواہ نہ پھیل سکے۔ حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے سربراہ سید علی شاہ گیلانی نے وانی کی موت کے خلاف تین دنوں کے کشمیر بند کی اپیل کی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کو تقریبا سوا گھنٹے کی جھڑپوں میں فوج اور پولیس نے برہان وانی اور اس کے تین ساتھیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس کے بعد سیکورٹی فورسز اور مقامی افراد کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔