الوقت - پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افغانستان میں مستقل امن کے لئے افغان پناہ گزینوں کی باعزت وطن واپسی اور بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے۔
فوج کے تعلقات عامہ شعبہ کے ترجمان لفٹنینٹ جنرل عاصم سلیم باجوه نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فوج کے سربراہ نے وزیرستان کے علاقے شوال کا دورہ کیا اور فوج کے جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اور اس کے بعد دتہ خیل کے علاقے میں فرنٹ لائن پر جوانوں سے عید ملنے گئے۔ راحیل شریف نے فوج کے جوانوں کی ہمت اور جرات کی تعریف کی۔
اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے فوج کے سربراہ نے کہا کہ ملک کے عوام اور بہادر فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں جنہیں ہم رائیگاں نہیں جانے دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک ہو چکا ہے اور دہشت گردوں کا ملک بھر میں پیچھا کیا جا رہا ہے۔ راحیل شریف نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے ناپاک ارادے دوبارہ پورے نہیں ہونے دیں گے۔
راحیل شریف نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ امن قائم رکھنے کے مسئلے میں مکمل طور پر سنجیدہ ہیں اور تمام معاملات کا حل باہمی احترام کے ساتھ نکالیں اور پاکستان کی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاک - افغان سرحد پر امن و استحکام ہمیشہ ہماری ترجیح رہی ہے اور سرحد پر امن قائم کرنے کے لئے ہم ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔