الوقت - دہشت گرد گروہ داعش نے بنگلا دیش میں مزید حملے کرکے بغاوت کرنے کی بات کہی ہے۔
داعش نے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے حالیہ دہشت گردانہ واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دوبارہ دہشت گردانہ حملوں کی دھمکی دی ہے۔
اسپوتنک خبر رساں ایجنسی کے مطابق داعش نے ایک ویڈیو جاری کر کے یہ دھمکی دی ہے۔
داعش کے اس ویڈیو میں اس کے تین بنگلہ دیشی ارکان کو دیکھا جا سکتا ہے جو بنگلا دیش کی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ڈھاکہ میں کی جانے والی کارروائی مسلمانوں کے خلاف تھی۔
دہشت گرد گروہ داعش نے یہ ویڈیو بدھ کو جاری کیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ بنگلا دیش اور دنیا بھر میں جب تک شریعت نافذ نہیں ہو جاتی تب تک حملے ہوتے رہیں گے اور گزشتہ ہفتے کا حملہ اس کی صرف ایک جھلک تھی۔ بنگلہ دیش حکومت کو خبردار کرنے والا یہ ویڈیو جنگ زدہ شام میں اس دہشت گرد تنظیم کے مقبوضہ علاقے رقہ سے بنگلا زبان میں جاری کیا گیا جو پہلے داعش سے وابستہ ویب سائٹ پر ہے اور آج علی الصبح یو ٹیوب پر ڈالا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پہلی جولائی کو کچھ مسلح افراد نے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے ایک ریستوران پر حملہ کیا تھا جس میں 20 افراد مارے گئے تھے۔ اس هملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی لیکن بعد میں بنگلا دیش کے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ڈھاکہ کے حملے میں مقامی دہشت گردوں کا ہاتھ ہے۔