الوقت - طالبان کے نئے سرغنہ ملا ہیبت اللہ آخوندزادہ نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کو افغانستان سے نکل جانا چاہئے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، افغان طالبان کے نئے سربراہ ملا ہیبت اللہ آخوند زادہ نے طالبان کا سربراہ بننے کے بعد اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ وہ حملہ آور امریکی افواج اور اس کے اتحادیوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے افغانستان میں طاقت کا استعمال چھوڑ دیں اور اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو افغانستان سے فوری طور پر نکل جانا چاہئے۔ طالبان کے سرغنہ نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان کے بہادر عوام ان کی طاقت اور تدبیروں سے کبھی بھی خوفزدہ نہیں ہوں گے کیونکہ غیر ملکی حملہ آوروں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونا ہی ان کی زندگی کا اہم مقصد ہے۔
ملا ہیبت اللہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکی افواج کے قیام کی مدت میں توسیع سے افغان عوام کے جہادی عزم میں تبدیلی نہیں آئے گی کیونکہ امریکیوں کا مقابلہ کسی ایک گروپ یا دھڑے سے مخصوص نہیں ہے بلکہ ایک قوم کی ذمہ داری ہے۔