الوقت - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آئی آر جی سی کے کمانڈر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے کوئی غلطی کی تو صرف لبنان میں ایک لاکھ میزائیل صیہونی حکومت کی جانب فائر ہونے کے لئے تیار ہیں جبکہ عالم اسلام کے دیگر علاقوں میں بھی طویل فاصلے پر مار کرنے والے میزائل اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لئے آمادہ ہیں۔
سپاہ پاسداران کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو تہران میں منعقد نماز جمعہ کے خطبوں سے پہلے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر وقت سے زیادہ اسرائیل کی تباہی کا سامان تیار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لبنان میں ایک لاکھ سے زیادہ میزائیل اسرائیل کی جانب فائر کئے جانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صیہونیوں نے اپنے غلط اندازوں کے مطابق ماضی کی غلطیاں دہرانے کی کوشش کی تو یہ میزائیل صیہونی حکومت کے سر پر گریں گے اور پھر علاقے میں ایک نئی صورت حال پیدا ہوجائے گی۔
جنرل سلامی نے کہا کہ بات صرف انہی ایک لاکھ ميزائیلوں پر ختم نہیں ہو جاتی بلکہ جو سرزمین اس وقت صیہونیوں کے کنٹرول میں ہے اور جہاں کبھی فلسطینی مسلمان پتھروں سے اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کرتے تھے، آج وہاں کا چپہ چپہ صیہونیوں کے لئے بارود کا ڈھیر بن گیا ہے۔ جنرل سلامی نے کہا کہ غرب اردن سے لے کر غزہ تک سبھی علاقوں سے حیفا اور تل ابیب سمیت صیہونی حکومت کے زیرقبضہ تمام علاقوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
سپاہ کے کمانڈر نے کہا کہ اس کے علاوہ عالم اسلام کے مختلف علاقوں میں دسیوں ہزار لمبی رینج والے میزائیل آمادہ ہیں اور ایک ہی اشارے پر صیہونی حکومت کو دنیا کے سیاسی جغرافیہ سے مٹا دیں گے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت اور اسلامی ملکوں پر مسلط ظالم حکمرانوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ امریکا کی فوجی طاقت پر بھروسہ کرنا بے سود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حکومتوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ نفرت زدہ حکومتوں کو اقتدار میں باقی رکھنے کی امریکا کی توانائی ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرایسا نہ ہوتا تو امریکا شاہ ایران، مصرکے حسنی مبارک، لیبیا اور دیگر ملکوں کے آمروں کی حکومتوں کو سرنگوں ہونے نہ دیتا۔ انہوں نے کہا کہ آج شام میں بھی امریکا کے سارے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں۔