الوقت - شام کے صدر نے کہا ہے کہ شامی حکومت کے ساتھ خفیہ رابطے برقرار کرنے کے لئے مغربی ممالک کوشش کر رہے ہیں۔
بشار اسد نے آسٹریلیا کے نیوز چینل اے بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک دوہرا معیار رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک ظاہری طو پر تو شام کی حکومت پر تنقید کرتے ہیں لیکن خفیہ طریقے سے اس سے تعلقات برقرار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-
شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ مغربی ممالک ہم پر سیاسی لحاظ سے حملہ کرتے ہیں اور اس کے بعد اپنے عہدیداروں خاص طور پر سیکورٹی عہدیداروں کو خفیہ طریقے سے معاملات کی انجام دہی کے لئے دمشق بھیجتے ہیں اور اس میں خود آسٹریلیا بھی شامل ہے-
شام کے صدر نے شام کے بارے میں مغربی ممالک کے حکام کے بیانات کے بارے میں کہا کہ مغربی حکام، امریکا کو ناراض نہیں کرنا چاہتے- ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ بیشتر مغربی ممالک وہی کام انجام دیتے ہیں جو جو امریکا ان سے چاہتا ہے۔
شام کے صدر نے دہشت گردوں کے مقابلے میں شامی فوج اور رضاکار فورس کی کامیابیوں ی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج اس وقت دہشت گردوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے اور ہماری حکومت دہشت گردوں کے مقابلے میں پائمردی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
انہوں نے شام میں اپنی فوج بھیجنے کے آسٹریلیائی حکومت کے فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگرشامی حکوت کی اجازت کے بغیر غیر ملکی فوجیں شام میں آتی ہیں تو یہ غیر قانونی عمل ہو گا۔ ان کا کہنا تھا یہ کاروائی چاہے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے بہانے ہو یا کسی دوسرے بہانے سے۔