الوقت - رہبر انقلا ب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ایرانی قوم کے حقوق کو حاصل کرنے کے لئے عدلیہ کی سرگرمی بہت ضروری ہے۔
رہبر انقلا ب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ایرانی قوم کے حقوق کو حاصل کرنے کے لئے عدلیہ کی سرگرمی بہت ضروری ہے۔
انہوں نے بدھ کو عدلیہ کے عہدیداروں سے ملاقات میں بے بنیاد الزامات کے بہانے ایرانی قوم کے اثاثے ضبط کرنے کے امریکی کورٹ کے فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے ذریعے ، ایرانی قوم کے حقوق کی خلاف ورزی ایسی حقیقت ہے جس پر بین الاقوامی سطح پر عدلیہ کی جانب سےاقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح ایران میں دہشت گردی کی قربانی چڑھنے والے ہزاروں افراد کے حقوق کی حفاظت، واضح اور خفیہ طریقے سے ان قاتلوں کی حمایت کرنے والی حکومتوں کے خلاف قانونی کارروائی اور پوری دنیا میں مظلوم مسلم رہنماؤں کے حقوق کی حفاظت کے لئے عدلیہ کے عہدیداروں سے سفارش کی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی انسانی حقوق کی عالمی سطح پر شناخت کو عدلیہ کا فرض قرار دیا اور کہا کہ جس انسانی حقوق کی بات مغرب کرتا ہے اس کی بنیاد ہی غلط ہے اس لئے یہ ضروری ہے کہ اسلامی انسانی حقوق کی دانشوری اور منطق کی بنیاد پر پوری دنیا میں تبلیغ کی جائے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے کچھ ممالک سے پیسے لے كر یمن میں بچوں کے قتل عام اور دیگر سنگین جرائم پر آنکھ بند کرنے کا باضابطہ طور پر اعلان، اقوام متحدہ کے لئے شرمناک قرار دیا اور فرمایا کہ یہ، حقیقی انسانی حقوق کے لئے بدنما داغ ہے اور عالمی سطح پر اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔
آپ نے اسی طرح آئندہ دنوں میں عالمی یوم القدس منائے جانے کے جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے آئندہ جمعہ کو فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں یکجہتی کی آواز پورے ایران اور عالم اسلام میں گونجے گي اور مسلمان مظلومین کی حمایت کا اپنا اہم فریضہ انجام دیں گے۔