الوقت - جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ عراق و شام میں سر گرم دہشت گرد گروہ داعش نے دنیا بھر میں امریکہ اور نیٹو کے تقریبا 77 فضائی اڈوں کی معلومات اکٹھا کرلی ہیں اور اپنے دہشت گردوں کو انہیں نشانہ بنانے کی ہدایت دی ہے۔ امریکی ٹی وی ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس (این آئی ایس) نے اپنے بیان میں کہا کہ داعش نے اپنے دہشت گردوں کو حملے کے لئے 21 ممالک سے تعلق رکھنے والےمتعدد افراد کی معلومات بھی جاری کی ہیں جن میں جنوبی کوریائی ویلفیئر آرگنائزیشن کا ایک ملازم بھی شامل ہے۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص اب حفاظتی تحویل میں ہے جبکہ داعش کی ہیکنگ تنظیم ’یونائیٹیڈ سائبر خلافت‘ نے امریکی ایئر فورس یونٹس کی معلومات جمع کی ہیں جن میں جنوبی کوریا کا اوسان ایئر بیس بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ان فضائی اڈوں کے ایڈریس اور گوگل سیٹیلائٹ نقشے بھی ٹیلی گرام کے ذریعہ شدت پسندوں تک پہنچا دئے ہیں۔