الوقت - عراقی فوج نے سنيجر کو شدید لڑائی کے بعد فلوجہ شہر کا نواحی علاقہ داعش کے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
عراقی فوج کے جنگی طیاروں نےالصقلاویہ کے علاقہ پر شدید بمباری کی اور ایک شدید جھڑپ کے بعد علاقہ پر قبضہ کر لیا۔ فوجی بیان کے مطابق، سنیچر کو اس علاقے میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور علاقے پر ایک بار پھر عراقی پرچم لہرا دیا گیا۔ اس کاروائی کے دوران کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔
فوج اور عوامی دستوں نے فلوجہ کے جنوبی علاقے حی الشہداء سے پیشقدمی شروع کردی ہے۔ در ایں اثنا اس علاقے میں فوج نے چاروں طرف سے داعش گروہ کا محاصرہ کرلیا ہے اور اس علاقے سے باہراس کی دسترس کے راستے منقطع کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو برس سے داعش نے فلوجہ پر قبضہ کر دیا ہے اور عراقی فوج اور رضاکار دستے اس علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب رضاکار فورس عصائب اہل الحق کے ترجمان جواد الطلیباوی کا کہنا ہے کہ داعش کے حامی سعودی عرب جیسے بعضا ممالک، فلوجہ کو آزاد کرانے کی کاروائی رکوانے کے لئے وزیر اعظم حیدر العبادی پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غیر ملکی دباؤ میں نہ آئیں اور ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے عراقی قوم کی خواہش کا احترام کریں۔