الوقت - عراق کے جنگی طیاروں کے حملے میں فلوجہ میں داعش کے دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سومريہ نیوز کے مطابق مغربی عراق کے صوبہ الانبار کے مرکز فلوجہ میں عراقی فوج کے ایف -16 جنگی طیاروں نے حملہ کرکے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے دسیوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ عراقی فوج کے میڈیا دفتر نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے فلوجہ میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑا دقیق حملہ کیا جس میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ داعش کے کنٹرول والے مختلف علاقوں سے دہشت گردوں کو بھگانے کے لئے عراقی فورسز کی مہم مسلسل جاری ہے۔
اس درمیان عراق کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ جلد ہی فلوجہ کو آزاد کرانے کے لئے زمینی مہم شروع کی جائے گی۔ عراق کے مغربی علاقوں میں فلوجہ داعش کے سب سے اہم ٹھکانوں میں سے ایک ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس شہر میں داعش کے ڈیڑھ ہزار دہشت گرد موجود ہیں۔ یہ شہر دارالحکومت بغداد سے 50 کلو میٹر مغرب میں واقع ہے۔