الوقت - ہندوستانی بحریہ کے چار جنگی جہاز ویتنام، فلپائن، جاپان، جنوبی کوریا، روس اور ملیشیا کی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کے لئے جنوبی چین کے سمندر روانہ ہو گئے ہیں۔
ہندوستانی بحریہ کے یہ جنگی جہاز ڈھائی مہینے کے مشن پر جنوبی چین کے سمندر روانہ ہوئے ہیں جو اس علاقے میں چین اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر بیجنگ کی جانب سے سخت رد عمل کا سبب بن سکتا ہے۔
ہندوستانی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے اس کی اطلاع دی ہے۔
اس سے پہلے امریکا نے کئی بار ہندوستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جنوبی چین کے سمندر میں چین کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے مشترکہ گشت مہم میں شرکت کرے لیکن ہندوستان نے ایسی کسی بھی گشت میں شامل ہونے سے انکار کیا تھا جس کے لئے اقوام متحدہ سے اجازت نہ لی گئی ہو۔
حالیہ برسوں میں ہندوستان اور امریکا کے درمیان فوجی تعاون بڑھا ہے اور دونوں ممالک نے بحر ہند میں کئی مشترکہ فوجی مشقیں بھی کی ہیں۔